Poet: Wamiq Kakakhel
بات زباں سے کیا نکلے اور چہرے کیا سمجھائیں یارو
کب تک جھوٹ یوں بولتے رہیے آؤ جدا ہو جائیں یارو
دیواروں پہ شیشے سجا کر خود کو ہر سو دیکھنا چاہو
پستی کا احساس ہے یہ بھی کس کس کو سمجھائیں یارو
چادر اوڑھو آگہی کی اور اپنے اندر جھانک کے دیکھو
ہم پاگل ہیں سودائی ہیں تم کو کیا سمجھائیں یارو
کیا کیا ساماں تم نے کئے ہیں کایا کےاس جال میں پھنس کے
دل کے شیشے بھی تو سنبھالو دیکھو ٹوٹ نہ یارو
خود بینی و خود آرائی چاٹ رہی ہے گھن کی مانند
ذات کے خول سے باہر نکلو تم کو لوگ بلائیں یارو
جی چاہے بے حس ہو جائیں آنکھیں اپنی اندھی کرلیں
کب تک سوچیں کب تک بولیں کب تک جان جلائیں یارو
وامق کو تو خون رلادے بے توقیری انساں کی
جیتی جانیں بھوکی ننگی مردے لوگ سجائیں یارو
No comments:
Post a Comment